سرسی 12 اگست (ایس او نیوز) سرسی میں بنواسی کے قریب کالنگی کراس پر ایک موٹر بائک سوار کو لوٹنے والے چار افراد کو بنواسی پولیس نے واردات کے ایک گھنٹے کے اندر گرفتار کر لیا ۔
اطلاع کے مطابق راجو ناگپّا باسور نامی ایک شخص اپنی موٹر بائک پر سڑک سے گزر رہا تھا تو کالنگی کراس کے پاس کچھ لوگ سڑک کے کنارے نیچے گری ہوئی ایک بائک کو اٹھاتے ہوئے دکھائی دئے ۔ راجو نے سمجھا کہ شاید کوئی حادثہ ہوا ہوگا اس لئے وہ مدد کرنے کی نیت سے اپنی بائک روک کر ان کے قریب پہنچا ۔ اس وقت ان لوگوں نے اچانک ہی راجو پر حملہ کیا اور اس کے پاس موجود 5200 روپے چھین کر فرار ہوگئے ۔
راجو کی طرف سے شکایت ملتے ہی بنواسی پولیس حرکت میں آ گئی اور اس نے ایک گھنٹے کے اندر تینوں لٹیروں کو گرفتار کر لیا جن کی شناخت سنتوش فقیرپّا بووی وڈکر، روی ایرپّا بووی وڈکر، سامویل عرف سنیل چندرا بوی وڈکر کے طور پر کی گئی ہے ۔ ملزمین کے قبضے سے لوٹی گئی رقم بھی بازیافت کی گئی ہے ۔